نئی دہلی،3؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ خوشی خوشی کوروناویکسین لگوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کسی پارٹی کی نہیں ہے۔
عمر عبد اللہ کا یہ ردعمل اکھلیش یادو کے اس بیان پر آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں یہ ویکسین نہیں لگا ئیں گے، کیونکہ انہیں بی جے پی ویکسین پر اعتماد نہیں ہے۔
اکھلیش یادو نے ہفتے کے روز کہا تھاکہ میں ابھی کورونا وائرس کی ویکسین نہیں لگائوں گا، میں بی جے پی ویکسین پر کیسے اعتماد کرسکتا ہوں؟ جب ہماری حکومت بنے گی تو سب کو مفت ویکسین لگوائی جائے گی۔
اس پر عمر عبد اللہ نے ٹویٹ کیاکہ مجھے کسی اور کے بارے میں معلوم نہیں ہے لیکن جب میری باری آئے گی تو میں خوشی خوشی کورونا ویکسین لگوائوں گا،کیوں کہ یہ وائرس بہت نقصان دہ ، اگر ساری ہنگامہ آرائی کے بعد کوئی ویکسین معمول پر لانے میں مدد دیتی ہے تو مجھے بھی شامل کریں،میں کسی اور کے بارے میں نہیں جانتا لیکن جب میری باری آجائے گی تو میں خوشی خوشی ویکسین لوں گا۔
اس کے علاوہ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین دی جانی چاہئے، یہ ملک اور معیشت کے لئے بہتر ہوگا۔ کوئی ویکسین کسی بھی سیاسی جماعت کی نہیں ہوتی، یہ انسانیت کی ہے اور جلد ہی ہم کمزور لوگوں کو ویکسین مل جائے گی، یہی بہتر ہوگا۔